ڈینیل پرل قتل کیس میں پاکستانی عدالت سے انصاف کی توقع ہے، قائم مقام امریکی سفیر

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر انجیلا پی ایگلر نے ملاقات کی ہے ان کا کہنا ہے کہ امریکی شہری ڈینیل پرل کے قتل سے متعلق کیس میں پاکستانی عدالت سے انصاف کی توقع ہے، ڈینیل پرل کا خاندان انصاف کا منتظر ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر انجیلا پی ایگلر نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، نئی امریکی انتظامیہ اور افغانستان میں پائیدار امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں، امید ہے نئی امریکی انتظامیہ سے پاک امریکہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئیگی۔افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مقصد ہے، پاکستان نے افغانستان امن کے لئے بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں، افغانستان میں پائیدار امن کے لئے نئی امریکی انتظامیہ سے بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔

قائم مقام امریکی سفیر انجیلا پی ایگلر نے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں، افغانستان میں پائیدار امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،انہوں نے ڈینیل پرل کیس میں ملوث ملزمان کے حوالے سے اعلی عدلیہ میں جاری اپیل کے حوالے سے کہا کہ امریکی شہری ڈینیل پرل کے قتل سے متعلق کیس میں پاکستانی عدالت سے انصاف کی توقع ہے، ڈینیل پرل کا خاندان انصاف کا منتظر ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈینئیل پرل کیس میں عمر شیخ کی رہائی کے خلاف اپیلیں سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں، پاکستانی عدالتیں مکمل طور پر آزاد ہیں، یقین ہے کہ فیصلہ انصاف،قانون کے مطابق ہوگا، قائم مقام امریکی سفیر نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا، ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔

Comments are closed.