امریکا کی جانب سے یوکرین کے لئے مزید 800 ملین ڈالرز فوجی امداد کی منظوری

واشنگٹن: امریکا نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کے لئے 800 ملین ڈالرز کے نئے امدادی پیکج کی منظوری دے دی۔

امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی جے بلنکن کا کہنا ہے کہ یوکرینی عوام پر روس کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں  کے باوجود یوکرین کے بہادر محافظ روسی جارحیت کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کی ثابت قدمی اور قابل ستائش حوصلے نے دنیا بالخصوص امریکا کی اس مشکل وقت میں یوکرین کی مدد کی کوششوں کو تقویت دی ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس پیکج میں فضائی حملوں، ملٹی راکٹ لانچرز ،، 155 ایم ایم ہاویٹزر، 155 ایم ایم اور 105 ایم ایم آرٹلری گولہ بارود، ایئر ڈیفنس گولہ بارود، ٹینک شکن میزائل اور راکٹ، مزید بکتر بند بریڈلی اور اسٹرائیکر گاڑیاں اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے دیگر ضروری سازوسامان بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے دفاعی امدادی پیکج میں کل 800 ملین ڈالر مالیت کے ہتھیاروں اور آلات کی اہم حفاظتی امداد شامل ہے جس کا مقصد روس کے زیر قبضہ اپنے خود مختار علاقے کو دوبارہ حاصل کرنے اور اپنے شہریوں کا دفاع کرنے میں یوکرین کی مدد کرنا ہے۔

سیکرٹری انٹونی بلنکن نے واضح کیا ہے کہ روس نے جارحیت کے ذریعے یہ جنگ شروع کی ہے اور وہ ہی یوکرینی عوام پر ظالمانہ حملے روک کر اور اپنی فوجیں یوکرین سے واپس بلا کر اس جنگ کو ختم کرسکتا ہے، جب تک روس یہ جنگ نہیں روکتا، امریکہ، اس کے اتحادی اور شراکت دار یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.