افغان وزیر داخلہ سراج حقانی کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

افغانستان کے طالبان رہنما اور وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نےمتحدہ عرب امارات کا اپنا دورہ مکمل کر لیا ہے، جہاں انہوں نے میزبان ملک کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

تقریباً تین سال قبل طالبان کی جانب سے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے سراج الدین حقانی کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان نے امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ان کا خیرمقدم کیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے اس ملاقات کی خبر دی، جس میں مصافحہ کرتے ہوئے ان کی تصویر بھی شامل ہے۔ ایجنسی کے مطابق فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکہ کی جانب سے حقانی کے دورے اور متحدہ امارات کے صدر سے ملاقات پر فوری طور سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

طالبان حکومت کے اعلیٰ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں اس ملاقات کی تصدیق کی، لیکن مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ طالبان کے محکمہ سراغرسانی کے سربراہ عبدالحق واثق بات چیت میں حقانی کے ساتھ تھے۔

امریکہ کی ایف بی آئی کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں حقانی کی شناخت ایک ایسے خصوصی عالمی دہشت گرد کے طور پر کی گئی ہے جس کے القاعدہ کے ساتھ گہرے رابطے ہیں۔

حقانی کا متحدہ عرب امارات کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب کہ اقوام متحدہ اس ماہ بعد میں دوحہ میں افغانستان کے لیے خصوصی ایلچیوں کے ایک اور بین الاقوامی اجتماع کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.