لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات میں شکست کے خوف سے آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے۔
عرب چینل الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ حکومت انتخابات ہارنے سے گھبرا رہی ہے، رائےعامہ کے تمام جائزوں سے حکومتی شکست ظاہر ہے، اس لیے وہ الیکشن سے خوفزدہ ہیں اور آئین کی خلاف ورزی پر بھی آمادہ ہے۔ سپریم کورٹ کا الیکشن سےمتعلق فیصلہ خوش آئند ہے، پاکستان کے ہر وکیل نے کہا کہ 90 دن میں انتخابات لازمی ہیں، لیکن پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے فرار چاہتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکمران خوفزدہ اور ڈرے ہوئے ہیں، ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ الیکشن سے فرار اختیار کرنے والے توہین عدالت کریں گے، سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا گیا اور الیکشن روکنے کی کوشش کی گئی تو قوم سڑکوں پر نکلے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سپریم کورٹ پرحملے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی صرف یہ کوشش ہے کہ الیکشن نہ ہوں، یہ عدالت عظمیٰ میں بھی تقسیم پیدا کررہے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ الیکشن ان کی تباہی ہے، خود کو بچانے کیلئے یہ پاکستان کے آئین کے خلاف جارہے ہیں۔
Comments are closed.