ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات کے بعد ان کے اول نائب صدر محمد مخبر عبوری صدر کی ذمے داریاں ادا کریں گے۔
ایران کے آئین کے مطابق صدر کی موت کی صورت میں اس کے مقرر کردہ نائب صدور میں سینئر ترین عہدے دار عبوری طور پر صدارت کی ذمے داریاں ادا کرتا ہے۔
اس وقت ایران کے اول نائب صدر 68 سالہ محمد مخبر ہیں۔ وہ عبوری صدارت سنبھالنے کے ساتھ ساتھ آئین کے مطابق اس تین رکنی کونسل میں بھی شامل ہوں گے جو آئندہ 50 روز کے اندر صدارتی انتخاب منعقد کرائے گی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق محمد مخبر کو بھی ابراہیم رئیسی کی طرح ایرن کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے قریبی رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ مخبر 2021 میں کے الیکشن میں ابراہیم رئیسی کی کامیابی کے بعد اول نائب صدر بنے تھے۔
رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ محمد مخبر گزشتہ برس اکتوبر میں ماسکو کا دورہ کرنے والے اس ایرانی وفد میں شامل تھے جس نے روس کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور مزید ڈرونز فراہم کرنے کے لیے مذاکرات کیے تھے۔
اس وفد میں پاسدارانِ انقلاب کے سینئر حکام اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے عہدے دار بھی شامل تھے۔
Comments are closed.