امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج غزہ پٹی کے لیے ایک عارضی بندرگاہ قائم کرے گی، جس کا مقصد غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کی ترسیل میں تیزی لانا ہے۔
قبرص میں امدادی سامان سے بھرا ہوا ایک بحری جہاز، اس نئی سمندری راہداری کے ذریعے غزہ جانے کے لیے تیار ہے، جس کا اعلان صدر جو بائیڈن نے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں جمعرات کو کیا تھا۔ یورپی کمشن کی صدر نے جمعے کو کہا ہے کہ سمندری راستے سے یہ امداد فلسطینیوں کو بھیجی جا رہی ہے جو پانچ ماہ سے جاری جنگ کے باعث شدید بھوک کا شکار ہیں۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے قبرص سے سمندر کے راستے غزہ تک امداد پہنچانے کے جس اقدام کا اعلان کیا تھا، اس کا آغاز اتوار تک ہو جائے گا۔
قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائیڈز کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، وان ڈیر لیین نے کہا کہ امداد کی فراہمی کے لیے یہ راستہ کھلنے کے بہت قریب ہے اور یہ جمعے کو امداد کی ابتدائی لانچ کے ساتھ اتوار کو، اور یا شاید اس سے بھی پہلے ہفتے کے روز فعال ہو جائے گا۔
کانگریس سے اپنے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں، صدر بائیڈن نے کہا تھاکہ امریکی فوج بحیرہ روم میں غزہ کے ساحل پر ایک عارضی بندرگاہ بنانے کے لیے ہنگامی مشن کی قیادت کرے گی جہاں خوراک، پینے کا پانی، ادویات اور عارضی پناہ گاہوں کی بڑی رسد وصول کی جا سکے گی۔
Comments are closed.