وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صوبائی دارالحکومت میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی حکومتی پالیسیوں میں اجیت دوول اور امیت شاہ کا کردار تباہ کن ہے، یہی دونوں مودی حکومت کو لے ڈوبیں گے۔
انٹیلی جنس اداروں کا کردار
انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے شاندار کارکردگی دکھائی، لیکن افسوس ہے کہ ہمارے ہی چند لوگ ان اداروں کو برا بھلا کہنے سے باز نہیں آتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے تباہ ہونے والے 6 طیاروں کی ویڈیو پاکستان کے پاس موجود ہے۔ “ہم نے ریڈار پر طیاروں کو گرتے دیکھا تھا، لیکن فیصلہ کیا کہ ثبوت ملنے تک اعلان نہیں کریں گے۔”
پاک-بھارت جنگ کی صورتحال
وفاقی وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ بھارت کی تمام جنگی منصوبہ بندی کا پاکستان کو پہلے سے علم تھا۔ بھارت نے ایک ایئر بیس پر 7 میزائل فائر کیے مگر ایک بھی اندر نہیں گرا۔ “ہماری جس ایئر بیس میں قیمتی اثاثے نہیں تھے، وہاں بھی کوئی میزائل نہ لگا۔ ہم نے بھارتی جارحیت کے جواب میں شہری آبادی کو کبھی نشانہ نہیں بنایا۔”
نور خان ایئر بیس پر حملہ
محسن نقوی نے کہا کہ نور خان ایئر بیس پر حملے میں پاکستان کا کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، تاہم ایک اور ایئر بیس پر حملے کے دوران ہمارے جوان شہید ہوئے۔ اس کے باوجود پاکستانی فورسز نے بھارت کے خلاف اپنے تمام اہداف حاصل کیے۔
فیلڈ مارشل کی قیادت اور بھارت کی سازشیں
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی اور قیادت سے پاکستان نے جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں۔ “میں گواہی دے سکتا ہوں کہ فیلڈ مارشل نے جنگ میں بہترین قیادت فراہم کی۔” محسن نقوی نے الزام لگایا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، لیکن ہماری سکیورٹی فورسز ان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
مودی حکومت پر کڑی تنقید
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اجیت دوول اور امیت شاہ نہ صرف بھارتی حکومت بلکہ مودی کو بھی لے ڈوبیں گے۔ ان کے بقول یہ دونوں بھارتی پالیسیوں کو ایسے رخ پر ڈال رہے ہیں جو بھارت کے اپنے ہی نقصان کا باعث بنے گا۔
Comments are closed.