علیمہ خان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات، کتابوں اور وکلاء کی رسائی پر شکوہ، القادر کیس پر اظہارِ تشویش
اسلام آباد (اسپیشل رپورٹر) — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے۔ علیمہ خان کے مطابق گزشتہ ہفتے بانی کو دی گئی کتابیں اب تک ان تک نہیں پہنچائی گئیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بچوں اور سیاسی ساتھیوں سے بات کرائی جائے اور کتابیں جلد پہنچائی جائیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی کے وکلاء سلمان اکرم راجہ اور سلمان صفدر کو تمام پٹیشنز کی ذمہ داری دی گئی ہے لیکن آج بانی کے اصل وکیل کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، حالانکہ آج وکلاء کی ملاقات کا دن تھا۔ علیمہ خان کے بقول حکومت بانی پی ٹی آئی کا عوام اور قانونی ٹیم سے رابطہ ختم کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی کی القادر ٹرسٹ کیس کی پٹیشن سنی جانی تھی، لیکن عدالت میں نئے ججز کی تعیناتی کا مقصد مقدمات کو طول دینا اور بانی کو قانونی ریلیف نہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا:
> “پتہ نہیں نیا جج القادر کیس کو کب سنے گا، بانی پر القادر کیس کی تلوار لٹک رہی ہے۔”
علیمہ خان نے بانی کی طرف سے عوام تک پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ بانی ناجائز مقدمات میں جیل میں قید ہیں جبکہ اصل کرپشن میں ملوث افراد حکومت چلا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے:
> “جب تک ملک میں رول آف لا نہیں ہوگا، سرمایہ کاری نہیں آئے گی، اور ملک میں امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔”
علیمہ خان نے مزید کہا کہ 2021 میں ملک میں سب سے زیادہ امن بانی کے دور میں تھا، مگر آج کے حالات واضح کرتے ہیں کہ بانی کو کیوں ہٹایا گیا۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بھی بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر ایم این ایز، ایم پی ایز اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں گے تو “ہم بھی ان کے ساتھ ہوں گے”۔
علیمہ خان نے کہا کہ عوام اور کارکنان سوشل میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے سے بچیں اور مستند ذرائع سے اطلاعات حاصل کریں۔
Comments are closed.