راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے حکم پر نادرا نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیا، عدالت نے چھٹی مرتبہ ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔
عدالتی کارروائی اور عدم پیشی
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔
کیس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں، تاہم علیمہ خان اور ان کے وکلاء ایک بار پھر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
دوسری جانب دیگر 10 ملزمان اور استغاثہ کے گواہان عدالت میں موجود تھے جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
ناقابل ضمانت وارنٹ اور نادرا رپورٹ
عدالت نے علیمہ خان کی مسلسل غیر حاضری پر چھٹی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
نادرا نے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ عدالتی حکم پر علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نادرا کا یہ اقدام عدالتی احکامات پر براہِ راست عملدرآمد کے تحت کیا گیا۔
دیگر ملزمان کی سماعت اور عدالتی فیصلے
سماعت کے دوران احتجاج کے دوران گاڑی کی سپرداری لینے والے ملزم عارف خان مچلکے پیش نہ کر سکے جس پر عدالت نے گاڑی کے مالک عارف کو جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔
پس منظر
26 نومبر کے احتجاج کے دوران علیمہ خان سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
کیس میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، جبکہ عدالت نے متعدد بار علیمہ خان کو طلب کیا مگر وہ پیش نہ ہوئیں۔
Comments are closed.