علی امین گنڈاپور کا بونیر میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بونیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ عوام کو اس مشکل گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

تباہی کی تفصیلات اور بریفنگ

بونیر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری اور ضلعی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بونیر کی 7 ولیج کونسلز میں 5380 مکانات متاثر ہوئے ہیں، اب تک 209 افراد جاں بحق، 134 لاپتا جبکہ 159 زخمی ہو چکے ہیں۔

پی ٹی آئی قیادت کی حمایت

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بونیر کے عوام کو مشکل وقت میں سہارا دیا۔

امدادی سرگرمیاں اور آئندہ کے اقدامات

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں راستوں کی بحالی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے ایوی ایشن سے اضافی ہیلی کاپٹر طلب کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جانی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں، تاہم مالی نقصانات پورے کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ آج دوسرے روز بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ ریلیف سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کی جا سکے۔

Comments are closed.