علی امین گنڈا پور نے 15 دن میں اپنا لیڈر آزاد کرانا ہے، ان کو 20 دن دیتی ہوں کرا لیں:عظمیٰ بخاری

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے کل پھر لائن کراس کی، اس آدمی کا بدتمیزی، خواتین کے بارے گندی زبان استعمال کرنا پرانا طریقہ واردات ہے، یہ ان کے لیڈر کی تربیت ہو سکتی ہے، یہ رویہ اپنے گھروں تک محدود رکھیں تو بہتر ہو گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا یہ لوگ جب بھی نکلتے ہیں فساد اور جلاؤگھیراؤ کرتے ہیں، کنٹینرز گرا کر خود کو ٹارزن سمجھنے والے قوم کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، کیا سیاسی جماعتیں کرینیں لیکر چلتی ہیں؟ کیا پرامن احتجاج ایسے ہوتا ہے؟

انہوں نے کہا ہے کہ کل پی ٹی آئی نے پولیس پر حملہ کیا، کل زرتاج گل صاحبہ بھی ٹارزن بنی ہوئی تھیں، زرتاج گل صاحبہ ٹارزن بن کر کنٹینر گرا رہی تھیں، فتنہ گینگ کے کارندوں نے حالات خراب کیے، کل علی امین گنڈاپور نے پنجاب پر لشکر کشی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا میں صوبوں کی لڑائی نہیں کرانا چاہتی، پنجابی اپنی غیرت کے نام پر بڑے مشہور ہیں، خیبرپختونخوا کی پولیس جتنی مثالی ہے وہ آپ دیکھ ہی رہے ہیں، ایک بات بڑی مشہور ہے کہ پنجاب پولیس والے نشئیوں کا نشہ بہت جلدی اتار دیتے ہیں، علی امین گنڈا پور نے 15 دن میں اپنا لیڈر آزاد کرانا ہے، ان کو 20 دن دیتی ہوں کرا لیں۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ان کے سرکاری لشکر کے بغیر جلسہ گاہ میں 3 ہزار بندہ نہیں تھا، کل سرکاری ملازمین کے ساتھ اربوں روپے کا فنڈ جلسے کیلئے استعمال ہوا، کیا کوئی کسی سے پوچھے گا کہ یہ سرکاری پیسہ خیبرپختونخوا کے عام آدمی پر لگنا چاہیے یا جلسے پر، جب 9 مئی کے ملزمان کو چھوڑیں گے تو یہی ہو گا۔

 

Comments are closed.