مستونگ حملے پر علی امین گنڈاپور کی شدید مذمت، دہشتگردی کیخلاف یکجہتی کا اظہار

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ملک میں امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

شہداء کو خراجِ عقیدت اور لواحقین سے ہمدردی
وزیراعلیٰ کے پی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے
علی امین گنڈاپور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

حملے میں 3 جوان شہید، 4 دہشتگرد ہلاک
واضح رہے کہ مستونگ میں بھارت سے منسلک دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی مواد سے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 جوان شہید ہوگئے تھے، جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

Comments are closed.