فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا اور متاثرہ عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔
ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورے کے دوران کور کمانڈر گوجرانوالہ نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں جاری ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے نئے اسپیل کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں اور سول انتظامیہ کے درمیان بہترین کوآرڈی نیشن کو سراہا اور ریسکیو سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دی۔
سکھ برادری سے ملاقات اور مذہبی مقامات کی بحالی کا اعلان
کرتارپور میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکھ برادری کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا اور اقلیتوں کے جان و مال اور مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست پاکستان اور اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔
سکھ برادری کی جانب سے خیرمقدم
سکھ برادری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد کا خیرمقدم کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
جوانوں اور سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا
فیلڈ مارشل نے مشکل حالات میں عوام کی مدد کرنے اور ان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوجی جوانوں اور سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا اور امدادی سرگرمیوں کے لیے سول انتظامیہ کے کردار کی تعریف کی۔
https://www.facebook.com/share/v/14HR4kDYHLs/
Comments are closed.