پاکستان کی تینوں مسلح افواج الرٹ ہیں، ہر انچ کا دفاع کریں گے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح کیا ہے کہ ان کے انٹرویو میں جنگ چھڑنے کی بات کا غلط مطلب لیا گیا ہے۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ انٹرویو میں ان سے جنگ کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا، جس پر انہوں نے جواب دیا تھا کہ اگلے دو تین دن انتہائی اہم ہیں، تاہم یہ کہنا کہ جنگ چھڑنے والی ہے، درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر افواج الرٹ ہیں اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔ ہم ملک کے ہر انچ کا دفاع کریں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پہلگام واقعے کی تحقیقات کی ہماری پیشکش کا کوئی جواب نہیں آیا۔ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت چاہے تو انٹرنیشنل فورم پر غیر جانبدارانہ انویسٹی گیشن کروا سکتا ہے، ہم پہلگام واقعے پر بھارتی جھوٹ کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع نے زور دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

Comments are closed.