معافی تو مجھ سے مانگی جانی چاہیے جو ‘غیر قانونی’ طور پر گرفتار کیا گیا:عمران خان

پاکستان تحریکِ انصاف  کے چیئرمین عمران خان نے نو مئی کے واقعات پر معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مظلوم ہیں، ہم کس سے معافی مانگیں۔ معافی تو مجھ سے مانگی جانی چاہیے جو ‘غیر قانونی’ طور پر گرفتار کیا گیا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے افواجِ پاکستان کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف کی نیوز کانفرنس پر اپنا ردِعمل دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کا بیان فوج کو سیاست میں ملوث کرنے کے مترادف ہے۔ نو مئی کی جوڈیشل انکوائری کیوں نہیں کی جا رہی۔

واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کو نو مئی کے واقعات پر معافی مانگنے اور تعمیری سیاست کا مشورہ دیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ “میرا آدھا خاندان فوج اور آدھا بیورو کریسی میں ہے، میرے خاندان کے دو جنرل شہید ہوئے ہم فوج کو اپنا سمجھتے ہیں۔ ہمیں فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔”

انہوں نے کہا کہ “مجھے اسلام اباد ہائی کورٹ سے گھسیٹ کر گرفتار کرنے کا حکم کس نے دیا تھا جس نے یہ آرڈر دیا وہی نو مئی کا ذمہ دار ہے کیوں کہ اسے پتا تھا کہ اس کا ردِعمل آئے گا۔”

عمران خان نے کہا کہ سابق صدر عارف علوی اور علی زیدی کے ذریعے آرمی چیف کو پیغام بھجوایا تھا کہ ہمیں نو مئی کا معلوم ہے اور وہ ان معاملات میں نیوٹرل رہیں۔

سن 2014 کے دھرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ دھرنا ایک سیاسی جماعت کا تھا اس پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی ڈیمانڈ میں فوج کا کیا کام ہے۔ دھرنا چار حلقے کھولنے کے لیے دیا تھا اور جب یہ حلقے کھلے تو ان میں دھاندلی نکلی۔ 2014 کے دھرنے کی انکوائری کے لیے تیار ہیں اس کے لیے خود کو پیش کرتا ہوں ۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اگر فوج بات نہیں کرنا چاہتی تو نہ کرے میں تو پاکستان کے لیے بات چیت کا کہہ رہا ہوں، مجھے کوئی ڈیل نہیں چاہیے اور نہ ہی میں بیرون ملک جانا چاہتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ امریکہ سے تعلقات ختم کرنے کا کبھی نہیں کہا تاہم سائفر ایک حقیقت ہے، میں نے کہا تھا کہ سائفر پر تحقیقات ہونی چاہیے۔ ڈونلڈ لو کا کردار واضح ہے کہ دھمکی دی گئی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ سیاسی جماعت تو ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار ہوتی ہے۔ حالیہ انتخابات میں انوار الحق کاکڑ کی ذمے داری تھی کہ فری اینڈ فیئر الیکشن کروائے مگر وہ کہہ رہے ہیں کہ فارم 47 پر حکومت بنی۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.