غزہ میں ایک اور خونریز دن: امدادی مرکز جانے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ، متعدد شہید و زخمی
جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کی، جو امدادی مرکز کی جانب جا رہے تھے۔ یہ مرکز “غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن” کے تحت قائم ہے جہاں فلسطینیوں کو امداد کی تقسیم کے لیے بلایا گیا تھا۔
العربیہ اور الحدث کے نامہ نگاروں کے مطابق امداد کے حصول کی غرض سے مرکز کی جانب بڑھنے والے شہریوں پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم تین فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر متاثرین کا تعلق مغربی رفح کے اس علاقے سے ہے جہاں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا تھا۔
اسی دوران اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں پر فائرنگ کی، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ادھر اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے شمال مغربی علاقوں میں فضائی حملے کیے، جبکہ توپ خانے نے مشرقی غزہ کے علاقے التفاح پر شدید گولہ باری کی۔
ایک اور واقعے میں اسرائیلی ڈرون نے شمالی غزہ میں شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔
اقوامِ متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے “انروا” نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ 20 ماہ میں غزہ میں تقریباً 50 ہزار بچے یا تو شہید ہوئے یا زخمی۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ انسانی بحران غیر معمولی شدت اختیار کر چکا ہے، جس سے عام شہری، طبی عملہ، امدادی کارکنان اور صحافی سب متاثر ہو رہے ہیں۔
Comments are closed.