پاکستان اور چین کی دوستی کی علامت نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہوگیا، جہاں سے کراچی سے پہلی کمرشل پرواز پی کے 503 نے کامیاب لینڈنگ کی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی یہ افتتاحی پرواز 46 مسافروں کو لے کر صبح 9:50 بجے کراچی سے روانہ ہوئی اور 11:15 بجے گوادر ایئرپورٹ پر پہنچی۔
ایئرپورٹ پر پرواز کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں رن وے پر واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا گیا۔ وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، اور دیگر اعلیٰ حکام نے افتتاحی پرواز کا استقبال کیا اور مسافروں کو پھول پیش کیے۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے، جو 430 ایکڑ رقبے پر محیط ہے۔ اس کا 3.6 کلومیٹر طویل رن وے بڑے طیاروں جیسے ایئربس اور بوئنگ کے لیے موزوں ہے۔ یہ منصوبہ سی پیک کا فلیگ شپ پروجیکٹ ہے اور جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جن میں سیکیورٹی سسٹم، مسافروں کے لیے جدید خدمات، اور وسیع و عریض انفراسٹرکچر شامل ہیں۔
یہ ایئرپورٹ نہ صرف گوادر بلکہ پورے خطے کے لیے تجارتی اور سفری مواقع کے دروازے کھولے گا، اور پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Comments are closed.