بیرون ملک جانیوالوں کیلئے ویکسین بوسٹرکی سہولت شروع، قیمت1270روپے مقرر

مطلوبہ ویکسی نیشن نہ ہونے کی وجہ سے بیرون ملک نہ جا پانے والوں کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان میں ویکسین بوسٹر لگانے کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی منظوری اور اجازت کے بعد ویکسین بوسٹر کی قیمت کے تعین کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بیرون ممالک جانے والوں کے لیے ویکسین بوسٹر کی قیمت 1270 روپے فی ڈوز مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق این سی او سی کے فیصلے کے مطابق بیرون ممالک سفر کرنے والوں کو ویکسین بوسٹر لگایا جائے گا، ویکسین بوسٹر کی سہولت ملک بھر کے مخصوص ویکسین مراکز پر میسر ہو گی،  ویکسین بوسٹر کی قیمت کی ادائیگی نیشنل بنک کی تمام برانچوں میں جمع کروائی جا سکتی ہے۔

ویکسین بوسٹر لگوانے سے قبل شہریوں کو نیشنل بینک آف پاکستان کی ملک بھر میں کسی بھی برانچ جانا ہوگا جہاں پر انہیں ایک خوراک لگوانے کیلئے 1270 روپے فیس چالان جمع کرانا ہوگا، جس کی رسید کے ہمراہ مخصوص ویکسی نیشن سینٹرز پر جا کر بوسٹر ڈوز لگوانا ہوگی۔

واضح رہے کہ بیرون ممالک روزگار اور تعلیم کے لئے جانے والوں کی بڑی تعداد نے ملک میں ویکسی نیشن کے آغاز پر ایسی ویکسین لگوا لی تھی جو مختلف ممالک تسلیم نہیں کرتے، جس کے بعد پاکستانیوں کی بڑی تعداد بیرون ملک نہیں جا سکی تھی، جس کے بعد ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ ویکسین کے بوسٹر لگانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا تھا۔

Comments are closed.