اسلام آباد میں ایک اہم تقریب کے دوران “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” نامی پاور اسمارٹ موبائل ایپ کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس ایپ کا مقصد بجلی کے میٹر ریڈنگ کے نظام میں شفافیت پیدا کرنا، اووربلنگ کا خاتمہ کرنا اور صارفین کو براہ راست بااختیار بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی میں بہتری کی گنجائش ابھی بھی موجود ہے، تاہم اب تک اصلاحاتی اقدامات اور ڈسکوز میں میرٹ پر تعیناتیاں حوصلہ افزا ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ماضی میں بجلی کے بلوں میں اووربلنگ کی شکایات عام تھیں، جس کے تدارک کے لیے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے اس موقع پر پی ٹی وی لائسنس فیس کو بجلی کے بل سے ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ سخت مگر مثبت مذاکرات کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو عوام تک منتقل ہونے سے روکا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام کو دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی چوری ملک کے توانائی کے نظام پر بڑا بوجھ ہے جسے روکنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے شمسی توانائی کو کم لاگت اور مؤثر حل قرار دیا اور حکومتی اداروں میں اس کے استعمال کی افادیت پر زور دیا۔
تقریب سے وزیر توانائی اویس لغاری نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ گزشتہ برس عوام کو اووربلنگ کی مد میں 110 ارب روپے واپس کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹر ریڈنگ کو عام صارف کی دسترس میں دینے کا مشن وزیراعظم نے دیا، تاکہ ریڈنگ کی تاخیر سے پیدا ہونے والی بلنگ کا ازالہ ہو سکے۔
ایپ کو فی الحال ملک بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے اور یہ 5 مختلف زبانوں میں دستیاب ہے تاکہ تمام علاقائی صارفین باآسانی اس سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایپ کو گھر گھر پہنچایا جائے اور اس میں مزید جدت لائی جائے۔
Comments are closed.