برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا نیا آئی فون 13 متعارف کروا دیا ہے۔ایپل کے نئے آئی فون 13 میں تیز پروسیسنگ کے لیے اے 15 چپ لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس کا ڈسپلے زیادہ روشن ہے، اور اس کی بیٹری لائف ڈھائی گھنٹے زیادہ چلتی ہے۔اس نئے آئی فون کو دیدہ زیب گلابی، نیلے، ‘مڈنائٹ سٹارلائٹ’ اور لال رنگوں میں متعارف کیا گیا ہے۔
نئے آئی فون میں پانچ سو جی بی تک کی سٹورج دی گئی ہے اور اس ماڈل میں کم سے کم سٹوریج 128 جی بی ہے جو گذشتہ ماڈلز میں 64 جی بی تک تھی۔آئی فون پراڈکٹ مارکیٹنگ کی نائب صدر کیانے ڈرانس کا کہنا تھا کہ ایپل اپنے نئے فونز کی تیاری ماحولیات کو ذہن میں رکھ کر کی گئی ہے اور اس میں بہت سی ری سائیکل اشیا کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صنعت میں پہلی مرتبہ اس فون کے انٹینا کو ری سائیکل کی گئی پانی کی پلاسٹک کی بوتلوں سے بنایا گیا ہے۔
ایپل نے آئی فون 13 کے ساتھ ساتھ آئی فون 13 منی، آئی فون 13 پرو، اور آئی فون 13 پرو میکس ماڈل بھی متعارف کروائے ہیں۔ آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس ماڈلز میں تین کیمرے ہیں جنھیں ایپل ‘اب تک کے سب سے جدید کیمرہ سسٹم’ قرار دیتا ہے۔اس کے پریمیم ماڈلز میں سپر ریٹینا ایکس ڈی آر ڈسپلے اور پرو موشن جیسے فیچرز بھی ہے۔ جو ویڈیو کو ایک نئی جدت دیتے ہیں۔اس کے باعث سکرولنگ، اینیمیشن اور گیمنگ میں نئی جدت اور آسانی پیدا ہوتی ہے۔
نئے آئی فون 13 منی کی قیمت 679 برطانوی پاؤنڈز سے شروع ہوتی ہے، آئی فون 13 کی قیمت 779 پاونڈز، آئی فون 13 پرو کی قیمت 949 پاؤنڈز سے شروع ہوتی ہے جبکہ آئی فون پرو میکس کی قیمت 1049 پاؤنڈز سے شروع ہوتی ہے۔
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی نئی ایپل واچ سیریز سیون بھی متعارف کروائی ہے۔ اس نئے سائز کی ایپل واچ کی سکرین میں پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ٹیکسٹ دکھائی دیتا ہے اور اس میں لکھنے کے لیے کی بورڈ کا فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے۔
ایپل نے اس موقع پر ایک انٹری لیول کے آئی پیڈ کا نیا ماڈل بھی متعارف کروایا ہے۔ کمپنی کے سربراہ کک کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس آئی پیڈز کی فروخت میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اس میں تیز پروسیسنگ کے لیے اے 13 چپ استعمال کی گئی ہے جو کہ اس کے پرانے ماڈلز سے 20 فیصد زیادہ تیز ہے۔
Comments are closed.