امریکا میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم کا ترکی زلزلہ متاثرین کیلئے3 لاکھ 50ہزار ڈالر عطیہ

واشنگٹن: ترکی میں تباہ کن زلزلے سے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستانی نژاد شمالی امریکہ کے معالجین کی ایسوسی ایشن (ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ) نے زلزلہ متاثرین کی بحالی اوران کے لئے مکانات کی تعمیر کے لیے 350,000 ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کے ہمراہ ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کے وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں ترکی کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور “اپنا” کی جانب سے دیے گئے عطیے کا چیک ترک سفیر کو پیش کیا۔ صدر”اپنا” ڈاکٹر ارشد ریحان کی سربراہی میں وفد میں ڈاکٹر رشید پراچہ، ڈاکٹر عتیق صمدانی، ڈاکٹر طیب رانا، ڈاکٹر راشد حنیف، اور ڈاکٹر عرفان سلیمان شامل تھے۔ ڈاکٹر طیب رانا، خزانچی “اپنا” نے چیک ترک سفیر کو پیش کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ جب زلزلہ ترکی میں آیا تھا تو اس نے براہ راست پاکستان کو نشانہ بنایا تھا کیونکہ ترکی ہمارا دوسرا گھر اور غیر ملکی مادر وطن ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اپنا” امریکہ میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی سب سے بڑی پیشہ ورانہ تنظیم ہے جس نے صحت کے شعبے اور قدرتی آفات سے ریلیف کے ضمن میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ “اپنا” 3500 ممبران پر مشتمل ایک تنظیم ہے جو امریکہ اور کینیڈا میں مقیم تقریباً 20,000 ڈاکٹروں کی نمائندگی کرتی ہے۔”اپنا” نے ترکی کے بھائیوں اور بہنوں کے درد کو محسوس کیا اور ترک قیادت کی کال پر لبیک کہتے ہوئے ایک گھنٹے کے اندر 350,000 ڈالر سے زیادہ جمع کیے۔

 ترکی کے سفیر حسن مرجان نے سفیر پاکستان مسعود خان اور ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جذبات اور عطیات سے ان کی ترکی اور اس کے عوام کے ساتھ وابستگی کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔ ترک سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اپنا ڈاکٹر ارشد ریحان نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود مضبوط رشتوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ جب ترکی کے لوگوں پر تباہی ہوئی تو امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی نے اس تکلیف کو محسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنا نے آفت زدہ لوگوں کو ہر ممکن طبی امداد کی پیشکش کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنا کی جانب سے عطیات ہماری کمیونٹی کے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔

سینئر ممبر اور سابق صدر اپنا ڈاکٹر رشید پراچہ نے اس موقع پر اپنے دورہ ترکی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگوں کے درمیان رشتے برسوں سے ہیں اور ہمیشہ قائم رہیں گے، ڈاکٹر ارشد ریحان نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترکی کے سفیر کو ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کے سمر کنونشن میں شرکت کی دعوت بھی دی جو اس سال جولائی میں ڈیلاس میں منعقد ہوگا۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے اپنے ترک ہم منصب کی مدبرانہ صلاحیتوں کو سراہا جنہوں نے بحیثیت قوم ترکی کا درجہ بلند کیا ہے ۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے لیے ترک سفیر کی خدمات کو بھی سراہا۔

مسعود خان اور اپنا کے وفد کے جذبات کا جواب دیتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ جذبات دوطرفہ ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی اور خاص طور پر اپنا جیسی تنظیموں کی طرف سےکیے جانے والے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ ترکی کو موصول ہونے والے طبی سامان میں سے نصف امریکہ سے بھیجا گیا تھا جو مسلمانوں اور دیگر کمیونٹیز نے جمع کرایا تھا۔ انہوں نے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی جانب سے متاثرہ آبادی کے لیے امدادی سرگرمیوں کے لیے کیے گئے تعاون کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی جانب سے فراہم کردہ مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ڈاکٹروں کے درمیان علم اور مہارت کے تبادلے کو فروغ دینے کے حوالے سے ترک سفیر نے دونوں ممالک کے ڈاکٹروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری، نیٹ ورکنگ اور تبادلے کی تجویز بھی دی۔ ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کے وفد نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ تنظیم اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ مضبوط پیشہ ورانہ شراکت داری قائم کرنے کی خواہاں ہے۔

Comments are closed.