پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مغربی سرحد پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عیدالفطر منائی۔ اس موقع پر انہوں نے عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
آرمی چیف نے موقع پر موجود فوجی جوانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جوانوں کی قوم کے لیے غیر متزلزل لگن اور مثالی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عزم اور صلاحیت نہ صرف وطن کو محفوظ رکھتی ہے بلکہ ملک سے گہری محبت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کی عوام کے شانہ بشانہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا، جنہوں نے دہشتگردی کی لعنت کے خلاف ہمیشہ بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان ہی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا ہے۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کی انتھک محنت اور کامیابیوں کو شہداء اور امن و استحکام کے لیے دی گئی قربانیوں سے منسوب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہیں اور کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور انہیں سرحدی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے موقع پر موجود افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہا۔
Comments are closed.