آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا میڈیا کو خراج تحسین — “پاکستانی میڈیا ہمارا فخر ہے”

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پوری قوم نے متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کیا، اور اس میں میڈیا کا کردار انتہائی ذمے دارانہ اور قابلِ ستائش رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے جس انداز میں بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا، وہ قابلِ فخر اور یادگار ہے۔

یہ بات انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہی۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ میڈیا نے قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی اور ہر پہلو پر سچ کو عوام کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے کچھ نہیں چھپایا، سب کچھ حقیقت پر مبنی تھا اور ہمارے میڈیا نے پوری دیانت داری سے یہ ذمہ داری نبھائی۔‘‘

آرمی چیف نے مزید کہا کہ دشمن کی طرف سے پھیلائے جانے والے جھوٹ کا پاکستانی میڈیا نے نہ صرف مؤثر طریقے سے رد کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مضبوطی سے پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے میڈیا پر فخر ہے کہ اُس نے قومی سلامتی، اتحاد اور سچائی کے ساتھ کھڑے ہوکر ایک مثالی کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے پروپیگنڈے کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، لیکن میڈیا، مسلح افواج اور پوری قوم نے متحد ہوکر دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا۔

Comments are closed.