عمران خان کی گرفتاری:کارکن ڈٹ گئے،زمان پارک میدان جنگ،شہر شہر مظاہرے

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی ایک اور کوشش۔تحریک انصاف کے کارکن ڈٹ گئے۔زمان پارک میدان جنگ بن گیا۔عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک پہنچی جہاں اسے کارکنوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
دن بھر کارکنوں اورپولیس کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں۔پولیس نے زمان پارک کے باہر کارکنوں کے ٹینٹ اکھاڑ دیئے۔مال روڈ اورکینال روڈ میدان جنگ بنا رہا۔کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھرائو کیا گیا جبکہ پولیس نے شیلنگ اورواٹر کینن کا استعمال کیا۔پولیس کی جانب سے عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر بھی شیلنگ کی گئی۔شدید شیلنگ سے پورے علاقے میں دھویں کے بادل چھاگئے۔
کارکنوں کے پتھرائو سے ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری سمیت 14 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس نے بھی جوابی ایکشن لیا اور کارکنوں پر لاٹھی چارج ، پانی کی توپ سے دھلائی اور شیلنگ کی۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے پیٹرول بم پھینک کر پولیس کی واٹر کینن کو آگ لگا دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق پتھرائو عمران خان کے گھر کی چھت سے کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے 15 کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔صورتحال پر قابو پانے کیلئے رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا جبکہ زمان پارک کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔
رات گئے کارکنوں کی بڑی تعداد ایک بار پھر زمان پارک کے باہر پہنچ گئی اور پولیس پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئی۔پولیس کینال روڈ سے بھی واپس چلی گئی۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے لبرٹی چوک پر بھی احتجاج کیا اور قافلوں کی شکل میں وہاں سے زمان پارک پہنچے۔
دوسری جانب عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کےخلاف اسلام آباد۔راولپنڈی۔پشاور۔کراچی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔شدید احتجاج کیا۔اسلام آباد میں ایکسپریس وے۔بہارہ کہو جبکہ راولپنڈی کا مری روڈ میدان جنگ بنا۔پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔کارکنوں نے پتھرائو کیا۔ایکسپریس وے پر پتھرائو سے ایس ایچ او کھنہ سمیت 3 اہلکار زخمی ہوئے۔جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

Comments are closed.