فارن سروس کے سینئر افسر اور سفارت کار عاصم افتخار احمد کو وزارت خارجہ کا نیا ترجمان مقرر کر دیا گیا، ان کے پیش رو زاہد حفیظ چوہدری آسٹریلیا میں نئے پاکستانی ہائی کمشنر مقرر کیے گئے ہیں۔
عاصم افتخاراحمد وزارت خارجہ میں بطورایڈیشنل سیکرٹری فرائض سرانجام دے رہے تھے، دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ رکھنے والے عاصم افتخار وزارت خارجہ میں مختلف اہم عہدوں پر تعینات رہنے کے علاوہ بیرون ممالک سفارت کاری کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
عاصم افتخار 1995 سے 1996 کے دوران وزارت خارجہ میں سیکشن آفیسر یورپ ڈویژن تعینات رہے، دسمبر 1996 سے فروری 1997 تک انہوں نے بطور سیکشن آفیسر افریقا خدمات سرانجام دیں۔ عاصم افتخار مارچ 1997 سے مارچ 2000 تک نائجر میں پاکستانی سفارتخانے میں ناظم الامور کے طور پر تعینات رہے۔
عاصم افتخاراحمد اپریل 2000 سے فروری 2002 تک وزارت خارجہ کے پرسنیل ڈویژن میں بطور سیکشن افسر کام کر چکے ہیں جس کے بعد مارچ سے نومبر 2002 تک اقوام متحدہ ڈویژن میں سیکشن آفیسر مقرر رہے۔ عاصم افتخار کو جنوری 2003 میں پاکستان مشن اقوام متحدہ نیویارک میں قونصلر تعینات کیا گیا جہاں پر انہوں نے اگست 2009 تک فرائض سرانجام دیئے۔
وہ ستمبر 2009 سے ستمبر 2010 تک اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر کے ڈپٹی چَیف ڈی کیبنٹ رہے، اکتوبر2010 سے دسممبر 2011 تک وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر(سیکورٹی کونسل اینڈ ہیومن رائٹس) اقوام متحدہ ڈویژن تعینات رہے، انہوں نے جنوری 2012 سے جولائی 2014 تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن میں بطور منسٹر/ پولیٹیکل کوآرڈی نیٹر(سیکورٹی کونسل) فرائض سرانجام دیئے۔ جولائی 2014 سے جون 2017 تک ڈائریکٹر جنرل (اقوام متحدہ) تعینات رہے، جس کے بعد وہ انڈونیشیا میں بطور سفیر پاکستان فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
Comments are closed.