سابق صدر آصف زرداری نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ انتخاب میں کامیابی یقینی بنانے پر ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا ہے، تینوں رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کے استعفے اور نئے الیکشن کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
سابق صدرآصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے اور یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں کامیابی یقینی بنانے پر دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ اور متفقہ امیدوار تھے ان کی کامیابی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی کامیابی ہے، اسی اتحاد سے عمران خان کو جلد اقتدار سے رخصت کرینگے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے، حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں وہ حکمرانوں سے تنگ ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کرینگے۔
اپوزیشن قائدین نے وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کیا،، تینوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی۔
Comments are closed.