جعفر ایکسپریس پر حملہ: دہشت گردوں کا خواتین اور بچوں کو ڈھال بنانا، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری

کوئٹہ (اسپیشل رپورٹر) — جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا ہے، جس کے باعث آپریشن انتہائی حساس اور پیچیدہ نوعیت اختیار کر گیا ہے۔ فورسز نے علاقے کا مکمل گھیراؤ کر لیا ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق مشکل اور پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث آپریشن انتہائی احتیاط سے آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ بے گناہ انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو۔ سیکیورٹی فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردی کے بزدلانہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا، بھارتی سوشل میڈیا اور پاکستان دشمن نیٹ ورکس انتہائی سرگرم ہو گئے ہیں اور جھوٹے، من گھڑت اور گمراہ کن پراپیگنڈا میں مصروف ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پراپیگنڈا مہم کے تحت پرانے ویڈیوز، تصاویر، AI سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز، فیک واٹس ایپ پیغامات اور جھوٹے پوسٹرز کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گردوں سے وابستہ پاکستان دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارتی میڈیا کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈا کو تقویت دینے کے لیے پاکستان سے فرار شدہ بھگوڑے بلوچ رہنماؤں کے گمراہ کن تجزیے دکھا رہا ہے۔

سیکیورٹی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔

یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ دشمن کی یہ پراپیگنڈا مہم ناکام ہوگی اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

Comments are closed.