حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیر کی تحریک آزادی کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، اور مزار قائد پر آکر کشمیریوں کو روحانی طاقت اور ولولہ ملتا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی پوری زندگی پاکستان کی آزادی اور بقا کے لیے وقف کی اور کشمیری عوام اسی نظریے کی تکمیل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
کشمیریوں کو معلوم ہے آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے
مشعال ملک نے کہا کہ آج کشمیریوں کو معلوم ہے کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے، انہوں نے بھارتی مظالم اور جبر کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی۔
بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور جنگی اقدامات
مشعال ملک نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ را کا نیٹ ورک پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ بھارت فالس فلیگ آپریشنز جیسے حربوں سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جیسے پہلگام واقعہ، جس کا الزام پاکستان پر لگا کر جنگ چھیڑی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے جنگ کے دوران شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا، لیکن اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔
مشعال ملک نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
Comments are closed.