آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر چڑکپور کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، تاہم سپیکر محفوظ رہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق، چوہدری لطیف اکبر اپنے حلقہ انتخاب میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، جہاں ایک سیاسی جماعت کے مقامی کارکن پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے تھے۔ اسی دوران نامعلوم افراد نے ان کے قافلے پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا۔
واقعے کے خلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آزاد چوک میں احتجاج کیا اور دھرنا دے کر سڑک بند کر دی۔ مظاہرین نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ انتظامیہ نے حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سپیکر پر حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Comments are closed.