اعظم سواتی بلوچستان کی کچلاک جیل منتقل

سینیٹر اعظم سواتی کی مشکلات کم نہ ہو سکیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم میں ریمانڈ مکمل ہونے پر بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔بلوچستان پولیس اعظم سواتی کو کوئٹہ لے گئی،کچلاک جیل میں رکھا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کی کسی دوسری جگہ منتقلی  کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالتی فیصلے سے قبل ہی کوئٹہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کرکے بلوچستان کی کچلاک جیل منتقل کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد کوئی قانون نہیں کہ وزارت داخلہ رپورٹ طلب کر سکے ۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا کوئی ایڈمنسٹریٹو کنٹرول نہیں ؟ یا کنٹرول ہے ؟  جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ مرکز صوبے سے پولیس سے متعلق پالیسی معاملات میں کوآرڈینیشن رکھ سکتے ہیں۔پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تمام بنیادی حقوق پالیسی معاملات ہیں اور مرکز یہ معلومات صوبوں سے لے سکتا ہے۔ اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ یا تو یہ کلئیر موقف لے لیں کہ فیڈریشن کا فیص آباد سے آگے کوئی اختیار نہیں۔ بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک یہ معلومات نہ آجائیں، تب تک اعظم سواتی کو کہیں منتقلی سے روکا جائے جس پر عدالت نے اعظم سواتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Comments are closed.