سپین کے شہر بارسلونا میں جرائم پیشہ عناصر اورمنشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی تفصیلات سامنے آ گئیں، آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 61 ملزمان گرفتار، لاکھوں یورو مالیت کی منشیات اور ہزاروں یوروز کے موبائل فون قبضے برآمد کر لئے گئے۔
سپین کے شہر بارسلونا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کاروائی کی، منشیات فروشوں کی آماجگاہوں سمیت 37 گھروں میں سرچ آپریشن کے دوران چھ کلو گرام ہیروئن اور کوکین جب کہ میرجوانا کے 350 پودے قبضے میں لے لئے گئے۔
پکڑے گئی منشیات کی مالیت پانچ لاکھ پچاس ہزار یوروز ہے جب کہ ملزمان کے قبضے سے 71 ہزار یورو مالیت کے 118 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ تک جاری رہنے والی تحقیقات اور ٹھوس شواہد ملنے کے بعد یہ آپریشن کیا گیا جس کا مقصد منشیات کے دھندے کا خاتمہ کرنا تھا
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا تعلق پاکستان، رومانیہ اور نائیجریا سے ہے، جو منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث تھے اور کورونا لاک ڈاؤن کے دوران منشیات فروشوں نے اپنے مکروہ دھندے کو وسیع پیمانے پر شروع کر دیا تھا۔
پولیس کی تحقیقات میں یہ بات بھی شامل ہے کہ بعض لوگوں کو خصوصی طور پر منشیات فروشی کے لیے مختلف طریقوں سے پاکستان، رومانیہ اور سپین کے دیگر شہروں سے بارسلونا لایا گیا تھا اور قبضہ شدہ مکانوں کو منشیات فروشی کے اڈے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
Comments are closed.