راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق “معرکہ حق” کے دوران وطن کے دفاع میں 11 سیکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ 78 زخمی ہوئے۔ یہ جوان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے وطن کے لیے قربان ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں پاک فوج کے 6 اور پاک فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔
شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں میں لانس نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کے شہداء میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، سینئر ٹیکنیشن مبشر، اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق شامل ہیں، جنہوں نے معرکہ حق کے دوران دشمن کے حملوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے 6 اور 7 مئی کو بلا اشتعال حملے شروع کیے جن میں 40 بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ شہداء میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل تھے، جبکہ 121 شہری زخمی ہوئے جن میں 27 بچے اور 10 خواتین شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں جرات، جذبے اور محب الوطنی کی عظیم مثال ہیں۔ ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور قوم ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پوری قوم دعاگو ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ قوم دشمن کی کسی بھی چال کے سامنے پرعزم ہے اور ہر قیمت پر اپنے وطن کا دفاع کرے گی۔
Comments are closed.