بلوچستان میں پی ٹی آئی ریلی میں بم حملہ ، امریکہ کی مذمت

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بدھ کو بریفنگ میں بلوچستان میں پی ٹی آئی کی ریلی پر بم کےحملے کے نتیجےمیں متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا،“ ہم پاکستان میں پی ٹی آئی پارٹی کی ریلی پر حملے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم پاکستانی عوام کے بلند حوصلوں اور مشکلات سے بحالی کی اہلیت پر یقین رکھتے ہیں۔ “

گزشتہ روز بلوچستان کے شہر سبی میں، پولیس حکام کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کی موٹر سائیکل ریلی میں بم دھماکے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

میتھیو ملر نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان میں مختلف پارٹیوں کے خلاف ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اتنقام یا تشدد کے خطرے کو ذہن میں لائے بغیر اپنے لیڈر کا انتخاب کریں۔’’ہم پورے خطے میں دہشت گرد گروپوں کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اور ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.