امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ برطانوی حکومت کو کشمیر اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی سیاسی قونصلر آیوناتھامس نے منصورہ میں ملاقات کی۔جس میں برطانوی ہائی کمیشن کے سیاسی مشیر طلال رضا اور جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔
سراج الحق نے کہاکہ افغانستان میں امن کا قیام اولین ترجیح اور دیگرممالک کو قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، افغانوں کی دو نسلیں اس جنگ کی نذر ہو گئی ہیں، اب وہاں کے بچوں اور بچیوں کو یہ حق ملنا چاہیے کہ وہ امن کے ماحول میں سکولوں و کالجوں میں تعلیم حاصل کرسکیں۔ مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ بھارتی حکومت وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے کووڈ19 کی ویکسی نیشن ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پاکستان کی مدد کرنے پر برطانوی سفارتکار کا شکریہ ادا کیا ۔اس مو قع پر گفتگو کرتے ہوئے آئیونا تھامسن نے کہاکہ برطانوی حکومت کی کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم اوروہاں خانہ جنگی کا تدارک کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر حال ہی میں برطانوی حکومت کے منسٹر آف سٹیٹ برائے جنوبی ایشیا طارق احمد نے اپنی تشویش کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات میں تعلیم ، صحت اور تجارت پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ تمام ممالک کو مل کر کووڈ 19 وبا کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔
Comments are closed.