سردارعثمان بزدار کی وفاقی حکومت سے کراچی طرز پر لاہور کیلئے ترقیاتی پیکج کی سفارش

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ کراچی طرح لاہور کے لئے بھی ترقیاتی پیکج دیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملک بالخصوص پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے تجویز دی کہ کراچی کی طرح لاہور کو بھی ترقیاتی پیکج دینا چاہیے۔

 وفاقی وزرا نے بھی کراچی کی طرز پر لاہور کے لئے پیکیج کی حمایت کی، اور توقع ظاہر کی کہ وفاقی حکومت جلد اس ضمن میں پنجاب حکومت کی تجاویز کاجائزہ لے کر پیکیج کااعلان کرے گی، وفاقی حکومت نے کراچی کے لئے اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر رکھاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں ایک ہزار بستروں کے  نئے اسپتال پر جلد باضابطہ کام کا آغاز ہوگا، لاہور ایک سو بیس کنال پر محیط اسپتال میں400 بیڈ جنرل، 400 کارڈیالوجی اور 200 بیڈ خون کی بیماریوں کیلئے ہوں گے، پچیس سال کے بعد لاہور میں بڑا اسپتال بنے گا۔

وزیراعلی پنجاب نے لاہور کے لئے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی  کام تیز کرنے کی ہدایت کردی، ان کا کہنا تھا کہ شیرانوالہ فلائی اوور کے حوالے سے بھی تکینکی کام مکمل ہوچکاہے، گلاب دیوی انڈر پاس کا بھی جلد سنگ بنیاد رکھاجائے گا، جب کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا بھی جلد وزیراعظم افتتاح کریں گے۔

Comments are closed.