اسلام آباد: کابینہ اراکین نے انتخابی اصلاحات کے بغیر نئے الیکشن کی مخالف کر دی۔ وفاقی کابینہ نے سو ل سرونٹ رولز 2020 کو منسوخ کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ان رولز کے تحت سرکاری افسران کے خلاف جاری کارروائیاں بھی ختم کر دی گئیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ نیب قوانین میں ترامیم کیلئے وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل جبکہ سو ل سرونٹ رولز 2020 منسوخ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے ۔
کابینہ اراکین نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے سخت فیصلوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں وقت ضائع کیے بغیر غریب آدمی کا سوچنا ہوگا ،ملک کی بہتری کےلیے سخت فیصلے ناگزیر ہوچکے ہیں۔ غریب عوام کو ریلیف دیا جائے جبکہ امیر طبقہ پسے ہوئے طبقات کی مدد کےلیے آگےآئے۔ کراچی میں دہشتگردی کے واقعات پر وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت سے مل کر امن وامان یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں ۔وفاقی کابینہ نے برآمدات میں اضافے کے لیے وزارت آئی ٹی کی سفارشات اور سو ل سرونٹ رولز 2020 کو منسوخ کرنے کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ اراکین نے کہاکہ ان رولز کو سرکاری افسران پر دبائو ڈالنے کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے ،پہلے سے موجود قوانین کے اوپر دوبارہ رولز نہیں بنائے جا سکتے۔ کابینہ نے ان رولز کے تحت سرکاری افسران کے خلاف شروع کارروائیوں کو ختم کرنے کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر75 ویں یوم آزادی اور اسٹیٹ بنک کے قیام کی مناسبت سے یادگاری بنک نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری دی تاہم نوٹ پاکستان کے اندر ہی چھاپے جائیں گے تاکہ خطیر ر قم بچائی جا سکے۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور ای سی سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی ۔
Comments are closed.