پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو پاکستانی نژاد خاندان کے قتل کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں کینیڈا میں پاکستانی نژادخاندان کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعے، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والا المناک واقعہ پر بہت رنجیدہ ہیں، پاکستانی نژادخاندان کا قتل اسلاموفوبیا اوردہشت گردی کی واضح مثال ہے، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغرب میں مسلمانوں کیخلاف بڑھتے نفرت آمیزواقعات، اسلاموفوبیا کی موجودگی کا ثبوت ہیں، وزیراعظم اورمیں بین الاقوامی سطح پر اسلاموفوبیا کےبڑھتےرجحان کیخلاف آوازاٹھاتے آرہے ہیں، اسلامو فوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے اس المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈا کی حکومت کی جانب سے واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی انہوں نے شاہ محمود قریشی کو اس افسوس ناک واقعہ کے بعد وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور وزیر اعظم روب فورڈ آف اونٹوریوکے مذمتی بیانات سے بھی آگاہ کیا۔
Comments are closed.