مزار قائد کی بے حرمتی سے متعلق کیس ۔۔ کیپٹن (ر) صفدر کراچی میں گرفتار

کراچی: مزار قائد کی بے حرمتی کے الزامات پر درج مقدمے میں (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو سندھ پولیس نے گرفتار کرلیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں پولیس نے ہوٹل میں ان کے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گزشتہ روز ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے گرفتاری کے بعد ووٹ کو عزت دو، مادر ملت زندہ باد اور ایوبی مارشل لاء مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے دوران کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نعرے بازی شروع کردی تھی انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قبر کے اطراف لگی جالیوں کو عبور کیا اور قبر کے ساتھ کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور کرائی۔ اس موقع پرمریم نواز،مریم اورنگزیب،نہال ہاشمی اور علی اکبر گجر بانی پاکستان کی قبر کے اطراف لگی مرکزی جالیوں کے اندر موجود تھے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مزار قائد کا تقدس پامال کرنے پر مریم نواز، انکے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر 200  افراد کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی تھی، دوسری جانب قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کے ایڈمنسٹریٹو آفیسر نے بھی مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے بریگیڈ تھانے میں درخواست جمع کرائی ہے۔

Comments are closed.