اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا کیس: فواد چودھری 17 جون کو عدالت طلب

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فواد چودھری کو17 جون کو طلب کر لیا۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اسلام آباد طاہر عباس سپرا نے فواد چودھری کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ فواد چودھری کا فون نمبر درج ہے، کیا آپ نے کال کی؟ جس پر تعمیلی افسر نے بتایا کہ فواد چودھری کا موبائل فون بند ہے۔عدالت نے ہدایت کی کہ ابھی پھر فون کریں اور بتائیں کہ آپ کا کیس ہے عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے، تعمیلی افسر نے فواد چودھری کا نمبر پھر بند ہونے کا بیان دیا۔

عدالت نے فواد چودھری کو 17 جون کو طلب کرتے ہوئے ان کے لاہور اور اسلام آباد والے گھر کے ایڈریس پر طلبی کے نوٹس کی تعمیل کا حکم دے دیا۔

عدالت نے فواد چودھری کے طلبی کے سمن کی تعمیل کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ان کے ضامن کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا جبکہ کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔

Comments are closed.