وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیش لیس معیشت کے قیام سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ کرپشن میں نمایاں کمی اور گورننس کے نظام میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کے اہداف مقررہ مدت میں حاصل کیے جائیں تاکہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی عالمی دوڑ میں پیچھے نہ رہے۔
کیش لیس معیشت پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت کے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شرکا کو وزیراعظم کے ویژن کے تحت جاری منصوبوں اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ نظام ملکی معیشت کی پائیدار ترقی اور شفاف طرزِ حکمرانی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ڈیجیٹل معیشت، ترقی کی نئی سمت
وزیراعظم نے کہا کہ “پوری دنیا ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے گامزن ہے، پاکستان کو بھی اس دوڑ میں شامل ہونا ہوگا۔” ان کے مطابق ملک میں غیر رسمی معیشت کے خاتمے کے لیے دیہی علاقوں میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ شہری اور دیہی دونوں سطحوں پر لوگ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو اپنائیں۔
ڈیجیٹل والٹس اور راست ادائیگیوں کا نظام
اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس کی تیاری مکمل ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ رواں ماہ کے اختتام تک یہ والٹس فعال ہو جائیں گے، جس کے بعد مستحقین کو رقوم کی آئندہ قسط ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بھیجی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ بجلی اور گیس کے بلز پر “راست کیو آر کوڈز” کے ذریعے ادائیگی ممکن بنا دی گئی ہے، جس سے اربوں روپے کی لین دین اب ڈیجیٹل نظام کے تحت ہو رہی ہے۔
اسلام آباد میں ڈیجیٹل اقدامات کی توسیع
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سرکاری خدمات کے حصول کے لیے موبائل ایپلی کیشن کو راست نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، جہاں ادائیگیاں اب ڈیجیٹل انداز میں ہو رہی ہیں۔ نئے کاروبار کے لیے لائسنس بھی اسی نظام سے مشروط کر دیے گئے ہیں، جبکہ موجودہ دکانوں پر “کیو آر” ادائیگی سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا پیغام اور ہدایت
شہباز شریف نے کہا کہ “ہم نے روزِ اول سے پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کو ترجیح دی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں پہلی مرتبہ مستحقین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بھیجی گئیں، جو ایک تاریخی پیش رفت تھی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے کیش لیس معیشت کے مقررہ اہداف معینہ مدت میں حاصل کریں تاکہ اس وژن کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔
Comments are closed.