چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کا خیبرپختونخوا میں مندر جلائے جانے کا نوٹس

چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں مندر جلائے جانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد سے اقلیتی رہنما ڈاکٹر رمیش کمار نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ملاقات کی اور خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں مندر جلائے جانے کے واقعہ سے آگاہ کیا، چیف جسٹس آف پاکستان نے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو واقعہ کی تفصیلات 4 جنوری2021 تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، عدالت عظمیٰ میں اس حوالے سے باقاعدہ سماعت پانچ جنوری 2021 کو ہوگی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے تیری میں عوامی ہجوم کی جانب سے ہندوں کا مندر جلائے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا، مشتعل ہجوم نے مندر کے قریب ایک ہندو شخص کا زیرتعمیر گھر بھی گرا دیا تھا۔

Comments are closed.