آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ سانحہ نو مئی کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔ اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما وں کو اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا ۔ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا ہماری کمزور ی یاہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر گیریژن آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 9 مئی کوپاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دے دیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب شرپسندوں نے دانستہ طور پر شہدا ء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔ ان سازشی عناصر نے معصوم لوگوں کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد اور خواہشات کا ایندھن بنایا، اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما وں کو اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا ۔
آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ کسی کو شہداء ،ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سپہ سالا رنے واضح کیاکہ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا ہماری کمزور ی یاہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔ آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح کیااور یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے ۔
Comments are closed.