کور کمانڈر بہاولپور کی بھارتی حملے کے زخمیوں سے ملاقات، مکمل طبی امداد کی ہدایت

بہاولپور میں بھارتی میزائل حملے کے بعد کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل محمد عقیل نے سی ایم ایچ اور بی وی ایچ اسپتال میں زیر علاج زخمی شہریوں، خواتین اور بچوں سے ملاقات کی۔

ان کے ہمراہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی وی ایچ اور کمانڈنگ آفیسر سی ایم ایچ بہاولپور بھی موجود تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد عقیل نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

کور کمانڈر نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “ہم پاکستان کی مادرِ وطن اور عوام کا دفاع پوری قوت سے کریں گے۔”

انہوں نے فوجی ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

کور کمانڈر نے متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے حوصلے کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ ریاست ان کے ساتھ ہے اور دشمن کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Comments are closed.