پاکستان میں کورونا پھیلاؤ میں تیزی۔۔۔ ملک بھر میں ماسک پہننا لازم قرار

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی نئی لہر کے دوران اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت گیارہ بڑے شہروں میں وباء کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے ملک بھر میں ماسک پہننا لازم قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینیٹر (این سی او سی) کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ، سیکرٹری صحت سمیت دیگر حکام نے شریک ہوئے جب کہ چاروں صوبوں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر نئی حکمت عملی، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی گئی، مختلف تعلیمی اداروں میں کورونا کیس سامنے آنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی،لاہور، پشاور، کوئٹہ ،راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت 11 شہروں میں کورونا وباء تیزی سے پھیل رہی ہے، مظفرآباد، میرپوراورگلگت بھی متاثرہ شہروں میں شامل ہیں، 36 ہزار سے زائد آبادی کے 4 ہزار374 مقامات پرلاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

این سی او سی نے ملک بھر میں ماسک پہننا لازم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں، حکومتی اور نجی سیکٹرز کے تمام دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔ این سی او سی کی  تمام صوبوں کو ایس او پیز اور ماسک پہننے پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک کے 11شہروں میں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، صوبائی حکومتیں بڑے شہروں کے بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں انسداد کورونا ایس او پیز اور ماسک پہننے کی شرط پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Comments are closed.