پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں مزید47 اموات،1 ہزار303 کیسز رپورٹ

پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی آنے لگی، ایک روز میں ایک ہزار 303 نئے کیسز سامنے آئے، گزشتہ روز47 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 40 ہزار483 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے ایک ہزار تین سو تین افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 38 ہزار 737 تک پہنچ گئی۔

کورونا کیسز کے حوالے سے پنجاب سرفہرست ہے جہاں پر اب تک 3 لاکھ 43 ہزار 499 افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں، سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 413، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 35 ہزار383، بلوچستان میں 26 ہزار 84، اسلام آباد میں 82 ہزار 01، آزادکشمیرمیں 19 ہزار 675 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 682 مریض ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قاتل وباء نے مزید 47 افراد کی زندگیوں کاخاتمہ کر دیا جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 21 ہزار 576 اموات ہو گئی۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ پنجاب میں 21 اورسندھ میں 13 اموات سامنے آئیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 43 ہزار 618 ہے، سندھ میں 23 ہزار 671، پنجاب میں 12 ہزار 130، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار725، اسلام آباد میں 2 ہزار 290، گلگت بلتستان میں 98، بلوچستان میں ایک ہزار 83، جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 621 ایکٹو کیسز ہیں۔ 8لاکھ 73 ہزار 543 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔

Comments are closed.