پاکستان میں کورونا صورتحال سنگین: نئی پابندیوں، تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

کورونا وائرس کی بگڑتی صورت حال کے باعث ایک مرتبہ پھر وفاقی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں 11 ستمبر تک نئی پابندیوں اورخصوصی اقدامات اٹھانے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی قیادت میں این سی او سی حکام نے ملاقات کی اور ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی صورت حال پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ پیش کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک کے 24 اضلاع میں کورونا وائرس کی صورت حال تشویش ناک ہے۔

وباء مسلسل بگڑتی صوررت حال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے زیادہ متاثرہ 24 اضلاع میں مختلف پابندیاں اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کی منظوری دے دی، ان اضلاع میں پنجاب کے 15، خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع اور اسلام آباد شامل ہیں، جہاں پر ہرقسم کی انڈور اور آوٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وباء سے متاثرہ علاقوں میں اندرون شہر پبلک ٹرانسپورٹ، ان ڈور جمز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ ان علاقوں میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے، ان پابندیوں کا اطلاق 6 سے 11 ستمبر تک ہوگا، چار اور پانچ کو ہفتہ وار تعطیل کے باعث مجموعی طور پر 8 روز تک سکول بند رہیں گے۔

جن اضلاع میں پابندیاں اور خصوصی اقدامات کی منظوری دی گئی ہے ان میں راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ ،سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی،بھکر، ملتان، بہاولپور، خانیوال، رحیم یارخان شامل ہیں، خیبرپختونخوا کے اضلاع میں پشاور، صوابی، مالاکنڈ، سوات ،ہری پور،مانسہرہ،ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان شامل ہیں۔

قبل ازیں پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کے مطابق تمام اسکول 6 سے 11 ستمبر تک بند رہیں گے۔ فیصلہ کورونا وائرس کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے لہٰذا عوام گھر پر محفوظ رہیں، اپنی اور اپنی فیملی کی حفاظت کریں۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

Comments are closed.