پونچھ ڈویژن کے تمام سرکاری ،نجی تعلیمی ادارے یکم جون تک بند رہیں گے،کمشنرپونچھ

     راولاکوٹ :کمشنر پونچھ مسعود الرحمنٰ نے پونچھ ڈویژن کے تمام سرکاری و پرائیوٹ تعلیمی ادارے بشمول میڈیکل کالج اور پونچھ یونیورسٹی یکم جون 2021ء تک بند کرنے کا  حکم  دے دیا۔ یہ فیصلہ پونچھ ڈویژن میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد سے زائد ہونے پر کیا گیا ہے ۔

کمشنر پونچھ مسعود الرحمنٰ کی زیر صدارت کورونا وباء کے پھیلاو کو روکنے اور ایس او پیز پر عملدر آمد کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر پونچھ چوہدری کاشف حسین ، ڈی ایچ او پونچھ ڈاکٹر سردار حیات خان ، ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز ریحانہ شاہ محمد ، ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز سفیان اکبر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ محمد عارف ، صدر پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن سردارساجد خورشید ، ایڈمن آفیسر پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ وسیم اعظم اور محکمہ صحت کے دیگر حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پونچھ ڈویژن میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 13 فیصد سے زائد ہے ، اس لیے این سی او سی کے حکم کے مطابق پونچھ ڈویژن کے تمام تعلیمی ادارے یکم جون 2021ء تک بند رہیں گے ۔ این سی او سی نے واضح کیا تھا کہ صرف ایسے اضلاع میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے جہاں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے کم ہے ۔

اس موقع پر کمشنر پونچھ نے کہاکہ کورونا وباء کا مقابلہ صرف ایس او پیز پر عمل اور احتیاطی تدابیر اختیا رکرکے ہی کیا جا سکتا ہے ، اسٹیک ہولڈرز اور عوام انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں تاکہ غفلت کی وجہ سے مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔پونچھ ڈویژن کے تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دوبارہ اجلاس یکم جون سے قبل دوبارہ ہو گا ۔

Comments are closed.