“سرحد پار دہشتگردی ناقابلِ قبول، کیڈٹ کالج حملہ کرنے والے درندے انسانیت کے دشمن ہیں”:محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا میں قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے دہشتگردی بڑھ رہی ہے اور دہشتگردوں کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنے والوں کو “درندے” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی نے طلبہ اور اساتذہ کو بروقت کارروائی کے ذریعے محفوظ بنا کر مثالی بہادری کا مظاہرہ کیا۔

سرحد پار دہشتگردی پر سخت مؤقف
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سرحد پار سے دہشت گردی ہو رہی ہے اور پاکستان میں امن تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد کچہری حملے میں بھی افغان دہشتگرد ملوث تھے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مقامی شہری حملوں یا دھماکوں میں ملوث نہیں ہوتے، ناراضگی سیاسی ہو سکتی ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ہتھیار اٹھائے یا ریاست مخالف تحریک چلائے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا واضح پیغام
وزیر داخلہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دوٹوک انداز میں اعلان کیا ہے کہ دہشتگردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد انسان نہیں بلکہ درندے ہیں، اور کسی مذہب میں بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

قبائلی عمائدین کا اظہارِ یکجہتی
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوج دن رات عوام کی حفاظت کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے علاقے میں تعمیر و ترقی اور بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی پر شکرگزاری کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ دہشتگردی کے کسی بھی شکل میں خلاف ہیں۔ عمائدین نے واضح کیا: “ہم ٹی ٹی پی کو نہیں مانتے۔”

کیڈٹ کالج وانا کا دورہ
اس سے قبل محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا، جہاں آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل مہر عمر خان نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے بہادری کے ساتھ تمام کیڈٹس اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کیا۔

ریسکیو آپریشن کی تفصیلات
وزیر داخلہ کو حملے اور پاک فوج و ایف سی کی جانب سے کیے گئے بروقت ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے، جذبے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کا منصوبہ سانحہ اے پی ایس جیسی کارروائی دہرانا تھا، مگر دلیر جوانوں نے خوارجیوں کو جہنم واصل کر کے سازش ناکام بنا دی۔

تزئین و آرائش کا اعلان
محسن نقوی نے اعلان کیا کہ کیڈٹ کالج وانا کی بہترین انداز میں تزئین و آرائش کی جائے گی تاکہ طلبہ کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہادری دکھانے والے پاک فوج اور ایف سی کے جوان “قوم کے حقیقی ہیرو” ہیں جن پر پاکستان کو فخر ہے۔

Comments are closed.