امریکی خاتون سنتھیا رچی کو دوبار خلاف قانون ویزہ جاری کیے جانے کا انکشاف

اسلام آباد: پیپلزپارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کرنے والی امریکی خاتون بلاگر سینتھیا ڈی رچی کو موجودہ دور حکومت میں دو مرتبہ خلاف ضابطہ ویزہ میں توسیع دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

سیکرٹری داخلہ کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع تحریری جواب کی کاپی کے مطابق وزارت داخلہ نے2018 اور2019 میں دو بارخلاف قانون سینتھیا رچی کے ویزہ میں توسیع کی، امریکی خاتون نے دونوں بار ورک ویزہ میں توسیع کی درخواست دی تاہم انہیں بزنس ویزہ جاری کیا گیا۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ ورک ویزہ کی بجائے بزنس ویزہ جاری کرنا قوائد اور ویزہ پالیسی کی خلاف ورزی تھی، سینتھیا رچی نے ورک ویزہ سے متعلق دستاویزات درخواست کے ساتھ شامل کیں  تاہم ان کو ویزہ اجراء میں قوانین اور پالیسیوں کو مکمل نظر انداز کیا گیا۔

سیکرٹری داخلہ نے اپنے بیان میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ جس کمپنی کے نام پر سینتھیا ڈی رچی پاکستان میں مختلف کمپنیوں کے ساتھ کام کر رہی ہیں وہ پاکستان میں رجسٹررڈ ہی نہیں، جواب میں کہا گیا ہے کہ امریکی خاتون کو شہریوں کے حقوق پر اثرانداز ہونے والے متنازعہ بیانات دینے سے روکا جانا چاہیے۔

Comments are closed.