ڈی پورٹ ہونے والے افراد پر ایف آئی آر اور پاسپورٹ منسوخی کا فیصلہ، پانچ سال کی پابندی عائد

اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد پر ایف آئی آر درج کی جائے گی، ان کے پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے اور انہیں پانچ سال کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ پر بھی شامل کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ نے شرکت کی۔ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ پاسپورٹ قوانین کو مزید سخت اور شفاف بنانے کے لیے وفاقی سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے، جو فوری طور پر اپنی سفارشات پیش کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہونے والے افراد پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر شرمندگی اور بدنامی کا باعث بنتے ہیں، آئندہ ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد جعلی دستاویزات، غیر قانونی سفر اور غیر ذمہ دارانہ رویوں کی روک تھام ہے تاکہ پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بحال رہے۔

Comments are closed.